ہندوستانی بچوں کا قومی گيت
چشتیي نے جس زميں ميں پيغام حق سنايا
نانک نے جس چمن ميں وحدت کا گيت گايا
تاتاريوں نے جس کو اپنا وطن بنايا
جس نے حجازيوں سے دشت عرب چھڑايا
ميرا وطن وہی ہے ، ميرا وطن وہی ہے
يونانيوں کو جس نے حيران کر ديا تھا
سارے جہاں کو جس نے علم و ہنر ديا تھا
مٹی کو جس کی حق نے زر کا اثر ديا تھا
ترکوں کا جس نے دامن ہيروں سے بھر ديا تھا
ميرا وطن وہی ہے، ميرا وطن وہی ہے
ٹوٹے تھے جو ستارے فارس کے آسماں سے
پھر تاب دے کے جس نے چمکائے کہکشاں سے
وحدت کی لے سنی تھی دنيا نے جس مکاں سے
مير عرب کو آئی ٹھنڈی ہوا جہاں سے
ميرا وطن وہی ہے، ميرا وطن وہی ہے
بندے کليم جس کے ، پربت جہاں کے سينا
نوح نبی کا آ کر ٹھہرا جہاں سفينا
رفعت ہے جس زميں کی بام فلک کا زينا
جنت کی زندگی ہے جس کی فضا ميں جينا
ميرا وطن وہی ہے، ميرا وطن وہی ہے
No comments:
Post a Comment