Dr. Allama Muhammad Iqbal is the national poet of Pakistan. He was born on 9th November, 1877. This blog is about the life and poetry of Allama Iqbal. This Blog has the poerty of Iqbal in Urdu, Roman Urdu and English translation.

Friday, 13 April 2012

Khaftgan e Khaak se Istefsaar

خفتگان خاک سے استفسار


مہر روشن چھپ گيا ، اٹھی نقاب روئے شام
شانہ ہستی پہ ہے بکھرا ہوا گيسوئے شام
يہ سيہ پوشی کي تياری کس کے غم ميں ہے
محفل قدرت مگر خورشيد کے ماتم ميں ہے
کر رہا ہے آسماں جادو لب گفتار پر
ساحر شب کی نظر ہے ديدہ بيدار پر
غوطہ زن درياے خاموشی ميں ہے موج ہوا
ہاں ، مگر اک دور سے آتی ہے آواز درا
دل کہ ہے بے تابی الفت ميں دنيا سے نفور
کھنچ لايا ہے مجھے ہنگامہ عالم سے دور
منظر حرماں نصيبی کا تماشائی ہوں ميں
ہم نشين خفتگان کنج تنہائی ہوں ميں
تھم ذرا بے تابی دل! بيٹھ جانے دے مجھے
اور اس بستی پہ چار آ نسو گرانے دے مجھے
اے مے غفلت کے سر مستو ، کہاں رہتے ہو تم
کچھ کہو اس ديس کی آ خر ، جہاں رہتے ہو تم
وہ بھی حيرت خانہ امروز و فردا ہے کوئی؟
اور پيکار عناصر کا تماشا ہے کوئی؟
آدمی واں بھی حصار غم ميں ہے محصور کيا؟
اس ولا يت ميں بھی ہے انساں کا دل مجبور کيا؟
واں بھی جل مرتا ہے سوز شمع پر پروانہ کيا؟
اس چمن ميں بھی گل و بلبل کا ہے افسانہ کيا؟
ياں تو اک مصرع ميں پہلو سے نکل جاتا ہے دل
شعر کی گرمی سے کيا واں بھی پگل جاتا ہے دل؟
رشتہ و پيوندياں کے جان کا آزار ہيں
اس گلستاں ميں بھی کيا ايسے نکيلے خار ہيں؟
اس جہاں ميں اک معيشت اور سو افتاد ہے
روح کيا اس ديس ميں اس فکر سے آزاد ہے؟
کيا وہاں بجلی بھی ہے ، دہقاں بھی ہے ، خرمن بھی ہے؟
قافلے والے بھی ہيں ، انديشہ رہزن بھی ہے؟
تنکے چنتے ہيں و ہاں بھی آ شياں کے واسطے؟
خشت و گل کی فکر ہوتی ہے مکاں کے واسطے؟
واں بھی انساں اپنی اصليت سے بيگانے ہيں کيا؟
امتياز ملت و آئيں کے ديوانے ہيں کيا؟
واں بھی کيا فرياد بلبل پر چمن روتا نہيں؟
اس جہاں کی طرح واں بھی درد دل ہوتا نہيں؟
باغ ہے فردوس يا اک منزل آرام ہے؟
يا رخ بے پردہ حسن ازل کا نام ہے؟
کيا جہنم معصيت سوزی کی اک ترکيب ہے؟
آگ کے شعلوں ميں پنہاں مقصد تاويب ہے؟
کيا عوض رفتار کے اس ديس ميں پرواز ہے؟
موت کہتے ہيں جسے اہل زميں ، کيا راز ہے ؟
اضطراب دل کا ساماں ياں کی ہست و بود ہے
علم انساں اس ولايت ميں بھی کيا محدود ہے؟
ديد سے تسکين پاتا ہے دل مہجور بھی؟
'لن ترانی' کہہ رہے ہيں يا وہاں کے طور بھی؟
جستجو ميں ہے وہاں بھی روح کو آرام کيا؟
واں بھی انساں ہے قتيل ذوق استفہام کيا؟
آہ! وہ کشور بھی تاريکی سے کيا معمور ہے؟
يا محبت کی تجلی سے سراپا نور ہے؟
تم بتا دو راز جو اس گنبد گرداں ميں ہے
موت اک چبھتا ہوا کانٹا دل انساں ميں ہے

No comments:

Post a Comment